پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور ان کے خلاف مہم چلانے والوں کو ناکامی ہوگی۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی نامزد کیا ہے، سہیل آفریدی بہترین کام کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سہیل آفریدی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، سہیل آفریدی کے خلاف مہم چلانے والے مایوس و ناکام ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا سہیل آفریدی کو پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے انتخاب کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 167 ہوگئی، الیکشن میں 4 سیاسی جماعتیں بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ڈی لسٹ کی گئی جماعتوں میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی استحکام پاکستان تحریک شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں جماعتوں کو الیکشنز ایکٹ اور رولز کی خلاف ورزیوں پر ڈی لسٹ کیا گیا، دونوں جماعتوں نے انٹرا پارٹی الیکشنز نہیں کرائے، دونوں جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرائے، الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کو متعدد مواقع دیئے اور 16 اپریل کو دونوں جماعتوں کو ڈی لسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے پولیٹکل فنانس ونگ کی سفارش پر یہ کارروائی کی گئی، دونوں سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کی ہے، دو سیاسی جماعتوں کی ڈی لسٹمنٹ کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 167 ہوگئی جس میں 4 سیاسی جماعتیں بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے تین مئی تک شدید گرمی کی پیشگوئی کردی۔ مری اور گلیات میں مطلع ابرآلود رہنے جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، کرم، وزیرستان، پاڑاچنارمیں چند مقامات پرہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چار روز تک درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، گردونواح اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے جبکہ سندھ کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں تیز اور گردآلود ہوائیں چلنےکی توقع ہے۔ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے

رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ اگر موسم صاف رہا تو پاکستان میں ذی الحجہ 1447 ہجری کا چاند اتوار 17 مئی 2026 کی شام دیکھا جا سکے گا، جس کے بعد یکم ذی الحجہ پیر 18 مئی کو ہو گی جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی 2026ء کو منائے جانے کا امکان ہے۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے کچھ زیادہ ہو گی، جو رویتِ ہلال کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریباً 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ ہو گا، اس لیے ملک کے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوا وہاں ننگی آنکھ سے چاند دیکھے جانے کا امکان موجود ہے۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق اگر 17 مئی کی شام ملک بھر میں بادل ہوئے اور چاند نظر نہ آ سکا تو ذی القعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور پھر یکم ذی الحجہ منگل 19 مئی کو ہو گی۔
کونسل نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس بار پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی روز یعنی 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔

ملک بھر میں گیس کے نئے کنکشنز فراہم کرنے پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے ملک بھر میں گیس کے نئے کنکشنز فراہم کرنے پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس پابندی کا اطلاق گھریلو اور کمرشل دونوں اقسام کے صارفین پر ہوگا۔ نئے گیس کنکشن مہنگی آر ایل این جی کے دیے جا رہے تھے ۔
حکومت نے محض چند ماہ قبل ہی نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کی تھی، لیکن اب اسے دوبارہ بند کیا جا رہا ہے۔
وزارت پیٹرولیم کا کہناتھا کہ فیصلہ ایل این جی بحران کے باعث کیا گیا، 2 ہفتوں بعد صورتحال بہتر ہوئی تو دوبارہ درخواستیں جمع کریں گے، اگر آبنائے ہرمز نہ کھلی تو مستقل پابندی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیرِاعظم نے معاشی صورتحال کے پیش نظر موٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی گئی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے حالیہ معاشی صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدرممکن ہوسکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، دعا گو ہیں کہ خطے کی صورتحال میں جلد بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آسکے۔

حکومت کی جانب سے پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام رائج کرتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کی فراہمی میں آسانی پیدا کردی ہے اور اب 21 دن کے بجائے 14 روز میں فراہم کردیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارمل پاسپورٹ کی فراہمی 21 یوم کی بجائے 14 یوم کر دی گئی ہے اور پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام رائج کر دیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ بزنس کیٹگری پاسپورٹ کے اجرا کے لیے ورکنگ پیپر اور تیاری شروع کردی گئی ہے اور گھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کے نظام کو مؤثر بنایا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ15 یوم میں پاسپورٹ دفاتر کو کیش لیس نظام رائج کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حامد خان کے زریعے سپریم کورٹ درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ججز ٹرانسفر آرٹیکل 2 اے کے منافی ہے، ججز ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت کا فقدان ہے،ججز ٹرانسفر کے عمل میں وجوہات نہیں بتائی گئیں، درخواست میں وفاق اور جوڈیشل کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں درخواست آرٹیکل 183 کی شق تین کے تحت دائر کی گئی ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے زریعے آرٹیکل 184 کی شق تین کو ختم کرنا غیر آئینی ہے،27ویں آئینی ترمیم کے زریعے آرٹیکل 175 کی شق 2 میں ترمیم کرنا غیر آئینی ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز کو مختلف ہائی کورٹس میں ٹرانسفر کرنا غیر آئینی ہے

پاکستان کی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سب کے لیے سامان کی ترسیل کی اہم گزرگاہ ہے، ہم فوری طور پر آبنائے ہرمز کے فوری کھولنے کے مطالبے سے متفق ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی کال کے بعد شروع ہوئے، دونوں فریقین نے پاکستان کی کال کا پاس رکھا، مذاکرات کے بعد بھی سہولت کاری اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مذاکرات کا سلسلہ رُکا نہیں بلکہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فریقین کی جانب سے ہم پر کیے گئے اعتماد کے باعث مذاکرات و تجاویز کی تفصیلات پر بات نہیں کرتے۔ ہم معاملے پر فریقین سے رابطے میں ہیں، مذاکرات کے حوالے سے نئی اور پرانی تجاویز سب میز پر ہیں، امید ہے کہ امن کا بول بالا ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر میرا بیان ایک جنرل سینس میں تھا، یہ امریکا اور ایران کے ایک دوسرے پر الزامات کے حوالے سے نہیں تھا، ارومچی بات چیت میں ترجیحی ایجنڈا پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنا تھا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اور مقبوضہ لداخ میں نئے اضلاع کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارت کے مقبوضہ لداخ یا جموں و کشمیر کے اسٹیٹس میں کسی بھی تبدیلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کو معمول کی جنگ بندی کے طور پر نہیں لینا چاہیے، کیونکہ اس سے مراد افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی نہ ہونے دینا ہے۔
کمبوڈیا میں قید پاکستانیوں سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا میں 84 کے قریب پاکستانی پھنسے ہیں، ان میں 76 مرد اور 8 خواتین ہیں، کمبوڈیا میں ہمارا مشن کمبوڈیا میں انتطامیہ سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈین انتطامیہ کی جانب سے انہیں خوراک و دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان میں سے بیشتر افراد سیاحتی ویزے پر کمبوڈیا میں ملازمت کر رہے تھے جو کہ خلاف قانون ہے۔ اسی طرح متعدد افراد زائد المعیاد ویزوں پر کمبوڈیا میں موجود تھے، اطلاعات ہیں کہ اکثر افراد آن لائن اسکیم اور فراڈ والی ملازمت میں تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے۔وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کے دوران نائب وزیر اعظإ، فیلڈ مارشل اور محسن نقوی کا اہم کردار رہا، فیلڈ مارشل نے ہمت نیں ہاری، اسحاق ڈار بھی اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں رہے، 11 اپریل کو امریکا اور ایران کے مذاکرات کا دور شروع ہوا، 11 اپریل کو مذاکرات کا سیشن 11 گھنٹے چلا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، عباس عراقچی نے کہا کہ وہ اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے، دعا گو ہیں کہ یہ جنگ جلد ختم ہو اور امن بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پرسوں آنے والے جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے، یہ بہت چیلنجنگ صورتحال ہے، ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دن رات محنت کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔وزیراعظم نے ایران جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب صورتحال تسلی بخش دکھائی دے رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں ایندھن کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، ہمارا ہفتہ وار جنگ سے پہلے تیل کا بل 300 ملین ڈالر کے لگ بھگ تھا اور آج یہ 800 ملین ڈالر تک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ایندھن کی کھپت پچھلے ہفتوں کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، صورتحال کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے پاکستان میکرو اکنامک محاذ پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا، جنگ کے ساتھ، ہماری دو سال کی کوششوں کو دھچکا لگا۔