کور کمانڈر کانفرنس نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس حملوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں کو غیر ضروری اور کشیدگی میں اضافہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب پر حملے مشرق وسطی کا تنازع حل کرنے کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرأت، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے، معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنانے کی جانب گامزن ہے۔فورم نے طے کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کے ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلاامتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔شرکائے کانفرنس نے طے کیا کہ آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر مکمل ختم نہ کر دیا جائے۔فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور اتفاق کیا کہ پاکستان متحمل مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارت کاری کے لیے پرعزم ہے۔کور کمانڈر کانفرنس نے کہا کہ ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پر فعال ریجنل سیکیورٹی سٹیبلائزر کا کردار ادا کر رہا ہے۔کورکمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں، ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔کور کمانڈرز نے کہا کہ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی، اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیت، جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانے اور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کی۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے متفرق درخواست سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مانگی۔ عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا۔ سلمان صفدر کی درخواست پر عدالت نے ملاقات کل دوپہر دو بجے کرانے کی ہدایت جاری کی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے سماعت پیر تک مقرر کرنے کی استدعا کی تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اپنی مصروفیات دیکھ کر تاریخ مقرر کرتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کلائنٹ سے ملاقات کر لیں، اپیل بھی فکس کر دیں گے اور اگر دلائل شروع ہوئے تو سات دن میں اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
بانی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کیا تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آج آپ کون سے کیس پر دلائل دے رہے ہیں؟ سلمان صفدر نے جواب دیا کہ 31 مارچ عدالت نے ایک آرڈر پاس کیا تھا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کی متفرق درخواست کیا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی متفرق درخواست منظور کر لیتے ہیں، آپ جا کر بانی پی ٹی آئی سے مل لیں، جیل حکام بانی پی ٹی آئی سے سلمان صفدر سے ملاقات کرائیں۔

پاکستان میں تین سال کے دوران بجلی 155 فیصد مہنگی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سولر انرجی سیکٹر پر اسٹڈی رپورٹ جاری کردی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ مہنگی بجلی کے باعث صارفین سولر پینلز پر منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان 5 سال میں سولر پینلز کی لیڈنگ مارکیٹس میں شامل ہوگیا، اس وقت انسٹالڈ کپیسٹی 35 گیگا واٹ، امپورٹس 50 گیگا واٹ سے تجاوز کرگئی ہے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لاکھوں صارفین اب بھی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔رپورٹ کے مطابق بجلی کا ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے، اسمارٹ میٹرنگ،گرڈ آٹومیشن کی سفارش کی گئی ہے۔ مسابقتی کمیشن کا قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ممکنہ سولر انرجی پاکستان کی موجودہ ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سولر کے استعمال اور چین سے سولر پینلز کی درآمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، پاکستان گزشتہ 5 سال میں سولر پینلز کی لیڈنگ مارکیٹس میں شامل ہوگیا۔ پاکستان میں زیادہ تر سولر استعمال غیر دستاویزی ہے، غیر معیاری سولر آلات صارفین اور مارکیٹ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث معیشت کو نقصانات میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے، 2050 تک نقصانات جی ڈی پی کے چھ فیصد کے مساوی ہو سکتے ہیں۔

ایران جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کا تیار کردہ منصوبہ ایران اور امریکی قیادت کو پہنچا دیا گیا ہے۔رائٹرز کے مطابق امریکا اور ایران کو جنگ ختم کرنے کا منصوبہ موصول ہو گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے تیار کردہ فریم ورک تہران اور واشنگٹن کو پیش کیا گیا جس میں فوری جنگ بندی اور بعد ازاں جامع معاہدے کی تجاویز شامل ہیں۔منصوبے کے تحت جنگ بندی کے فوراً بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل کھولنے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے مسلسل رابطے کیے۔منصوبے کے مطابق 45 روزہ جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں حتمی مذاکرات متوقع ہیں جبکہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کے بدلے پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہو سکتی ہے۔

پشاور میں متنی بائی پاس کے قریب روڈ ٹریفک حادثے میں 9 افراد زخمی ہو گئے، : شکردرہ سے پشاور آنے والی ہائی ایس گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی،اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔زخمیوں میں صدیق، گل مرجان، سجاد، زوجہ سجاد، عمر نواز، زوجہ عمر نواز، نوید اور زوجہ نوید شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا سے مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا، کے پی سے 23 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلی تاہم پارٹی نے سب کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا۔ مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر امیدوار نامزد کرنے کے لیے گزشتہ شب پارلیمانی بورڈ کا خیبرپختونخوا ہاؤس میں اجلاس وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں ناموں پر مشاورت ہوئی۔ پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے سینیٹ کے لیے عرفان سلیم کے نام کی منظوری دیدی ہے عرفان سلیم ہی مراد سعید کی نشسست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام موجودہ جعلی حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ جے یو آئی اگلے جمعے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرے گی جبکہ 12 اپریل کو مردان سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گھریلو تشدد سمیت کئی قوانین شریعت کے خلاف بنائے اور غیر اسلامی قوانین اسمبلی میں لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے۔انہوں نے عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مغربی اور مشرقی سرحدیں بند ہیں، تجارت متاثر ہو رہی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ان کیمرا بریفنگ میں بتانا چاہیے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، صوبائی حکومت آپریشنز کے معاملے پر متضاد پالیسی اپنا رہی ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات بھی ایوان میں پیش نہیں کی جا رہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام حکومت اور ریاستی اداروں سے نالاں ہیں اور یہ حکومت ایک دن کی مار ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا کم آمدنی والے موٹر سائیکل و سکوٹر مالکان کیلئے احساس فیول سپورٹ پروگرام کے فلاحی اور عوام دوست اسکیم کیلئے رجسٹریشن کا آغاز شروع کردیا گیا ہے،وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر رجسٹرڈ موٹرسائیکل مالکان کو 2 ہزار روپےفیول سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ اپنے نام پر رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور سکوٹر رکھنے والے شہری اس سکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس اسکیم کا باقاعدہ ان لائن رجسٹریشن اآج 6 اپریل سے دستک ایپ کے ذریعے شروع کردی گئی ہے،رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ، رجسٹریشن بک، گاڑی کی تصویر اور مکمل کوائف اپ لوڈ کرنا ہوں گے جبکہ ٹرانسفر شدہ گاڑی کی صورت میں فروخت کنندہ اور خریدار دونوں کی تصدیق ضروری ہوگی،درخواستوں کی تصدیق ای سہولت اور ای ٹی او جانچ پڑتال کے بعد مکمل کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے چونکا دینے والے فیصلے کیے گئے۔پارٹی نے غیر متوقع طور پر اپنے تمام امیدواروں کو فوری طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا ہے۔اس حوالے سے رہنما جنید اکبر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی کارکن آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرائے۔انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کل سینیٹ کی خالی نشست کے لیے اپنے حتمی امیدوار اور کورنگ امیدوار کا باضابطہ اعلان کرے گی جس کے بعد منگل کے روز نامزد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔سیاسی حلقوں کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے یہ حکمت عملی کسی بڑے سرپرائز اور اندرونی مشاورت کا حصہ معلوم ہوتی ہے جس سے سینیٹ الیکشن میں دلچسپ مقابلے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

پشاور سمیت صوبے بھر میں مار کیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،پشاور سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دکانیں رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع میں تمام مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جائیں گی، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 10 بجے بند ہوں گے تاہم ہوم ڈیلیوری جاری رہے گی، شادی ہالز اور ایونٹ ہالز کو بھی رات 10 بجے تک تقریبات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ،غیر ضروری لائٹس، فلوڈ لائٹس اور ڈیکوریشن لائٹنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہےبل بورڈز اور ایل ای ڈی اسکرینز دکانیں بند ہونے کے بعد بند رکھنا لازم قرار دیا گیا،اعلامیہ کے مطابق جنریٹرز کا استعمال غیر ضروری تجارتی سرگرمیوں کیلئے ممنوع قرار دیا گیا، تمام ڈپٹی کمشنرز کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت گئی ہےتاہم ہسپتال، فارمیسی، پٹرول پمپ اور تندور کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے نئے احکامات آج 6 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے