وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی خورفکن بندرگاہ پر پیش آنے والے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے ایکس پیغام میں لکھا کہ خورفکن بندرگاہ پر پیش آنے والے واقعے میں ایک روکے گئے میزائل کے باعث شہری زخمی ہوئے، جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں اور اپنے شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے یو اے ای حکام سے قریبی رابطے میں ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تحمل اختیار کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔

فقیر آباد میں ملزمان نے دوستی نہ کرنے پر افغان خواجہ سرا کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا خواجہ سرا کو متعدد گولیاں لگیں جسے انتہائی نگہداشت واردات منتقل کردیا گیا۔براڈیفائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز اقبال پلازا کے قریب واقع پر ویز پلازا کے باہر موجود خواجہ سرا سارہ عرف دلبر کو نشانہ بنایا گیا۔ خواجہ سرا میوزیکل پروگرام سے واپسی پر پلازا کے باہر موجود تھا اس دوران موٹر سائیکل دو افراد نے آکر اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا الزام ملزم فرحان عرف آدم اور دوسرے نامعلوم شخص پر ہے۔ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے صدر آرزو خان کے مطابق زخمی خواجہ سرا پہلے بھی کوہاٹ میں ملزم کی وجہ سے پریشان ہوکر چلا گیا تھا جو اسے مسلسل ہراساں کررہا تھا۔آرزو خان کے مطابق رواں سال پشاور میں دو خواجہ سرا قتل ہوچکے ہیں، پولیس حکام سے مطالبہ ہے کہ خواجہ سراﺅں کے قتل، تشدد، رقم مانگنے اور انہیں ہراساں کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق تمام بازار اور کاروباری مراکز رات 8 بجے تک کھلیں گے، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق تمام شادی ہالز اور باہرمنعقدہ شادی کی تقریبات بھی رات 10بجے تک ختم کی جائیں گی، جاری کردہ ہدایات کے مطابق 6 اپریل 2026 سے عملدرآمد ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کفایت شعاری سے متعلق اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پرعمل درآمد کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق توانائی بچت کیلئے مارکیٹوں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے، مارکیٹیں رات 8 بجے بند، دواخانے اور تندور مستثنیٰ ہوں گے۔ شادی ہالز اور تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کردی گئی، ریسٹورنٹس اور ہوٹل رات 10 بجے بند ہوں گے
حکام کے مطابق عوامی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے نئے اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو احکامات پرعملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت بھی توانائی کے وسائل پر دباؤ کم کرنے کے لیے بازار کے اوقات میں کمی سمیت اقتصادی کفایت شعاری اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ اگر یہ تجویز نافذ ہوئی تو مارکیٹیں معمول کے شیڈول سے پہلے بند کر دی جائیں گی۔
چند روز قبل ایک اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں بازاروں کے اوقات میں کمی پر غور کیا گیا، جبکہ صرف شادی ہال اور ریستوران رات 10 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت دی جائے گی۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں افغان طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کا کہنا ہے دہشتگرد حبیب اللہ خودکش حملوں میں ملوث تھا ۔ اس کا بھائی افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہے۔
حمزہ شفقات نے کہا کہ ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی مل کر پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیرداخلہ ضیاللہ لانگو بولے افغان طالبان رجیم اور ٹی ٹی پی کے روابط بےنقاب کر دیے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں تذکرہ پر پابندی لگا دی گئی ہے، اب صرف پاسپورٹ کے ذریعے ہی دوسرے ممالک کا سفرہوسکے گا۔

شہر قائد میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
سسٹم کے زیر اثر کراچی میں رات کے وقت مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کل 6 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں تندوتیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔
اسی طرح، دیہی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی نئے بارش کے نظام کے سبب گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ آسمانی بجلی، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

بالائی علاقوں میں برسات تو تھم گئی،تاہم اس کی تباہ کاریاں جاری ہی،بارش کے باعث بوسیدہ مکانات کی چھت گرنے سے بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے،25مارچ سےاب تک مختلف حادثات میں 45 افراد جاں بحق،105زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں جاں بحق افرادمیں23بچے اور5خواتین شامل ہیں،زخمی افراد میں 16 خواتین اور45 بچےشامل ہیں،حالیہ بارشوں سے442گھروں کونقصان جبکہ60گھر مکمل طورپرمنہدم ہوئے،حادثات بنوں،ایبٹ آباد،مردان،باجوڑ،ہنگو،مہمند،کوہاٹ،شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر،نوشہرہ میں پیش آئے۔
صوابی کےعلاقے یارحسین میں بارش کے باعث گھرکی چھت گرگئی،ملبےتلےدب کر بچہ جاں بحق جبکہ بچےسمیت تین خواتین زخمی ہوگئیں،خیبر کےعلاقے چورا میں بھی کچےمکان کی چھت زمین بوس ہو گئی،دو خواتین جان سے گئیں،دوزخمی بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا،لنڈی کوتل کے علاقےخوگہ خیل گونگی کلی میں بھی کمرے کی چھت گرگئی,ملبےتلے دب کر دو بچیاں زخمی ہوگئیں۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث بند وانا گومل زام روڈ چار روز بعد بھی بحال نہ کی جاسکی،جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے,ضلعی انتظامیہ کے مطابق سڑک کی بحالی کے لیےہیوی مشینری سےکام جاری ہے،جبکہ ٹریفک کو جنڈولہ روڈ سے گزارا جارہا ہے۔
مری میں بھی جھیکاگلی چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ لینڈسلائڈنگ کی نذرہونےلگا،متعدد گھروں کی دیواروں،چھتوں اور برآمدوں میں بڑےشگاف پڑگئے،درجنوں درخت گرگئے،انتظامیہ نےمتاثر علاقے کو خالی کرنے کا حکم دےدیاگیا،مساجد میں بھی اعلانات ہونے لگے،متاثرین نے سامان سمیت ایمرجنسی نقل مکانی شروع کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبےکےمختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے9اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پاکستان کی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اوراہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔
ثمر خان نے انتہائی سخت موسمی حالات میں 300 کلومیٹر طویل فیل راؤن پولر چیلنج کامیابی سے مکمل کرلیا، جو سوئیڈن سے شروع ہو کر ناروے میں اختتام پذیر ہوا۔ یہ دشوار گزار مہم ڈاگ سلیج کے ذریعے مکمل کی گئی، جس کے دوران منفی درجہ حرارت اور برفانی ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ثمر خان آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئیں جس پر ملک بھر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں ثمر خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو ان کی صلاحیتوں پر شک تھا، ان کے لیے یہ کامیابی ایک واضح پیغام ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔
انہوں نے اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران انہیں انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
ان کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین ایتھلیٹس کے لیے ایک متاثرکن مثال بن گئی ہے۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے 18 سالہ بھتیجے عماد صدیقی کو ہیوسٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جس نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ آلٹن میں پیش آیا جہاں کار جیکنگ کے دوران نامعلوم ملزمان نے عماد صدیقی کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے حملہ آور ایک کرسلر گاڑی میں سوار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ پاساندا پولیس ڈپارٹمنٹ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر عماد صدیقی کی نماز جنازہ آج کو بعد نماز ظہر مسجد صابرین میں ادا کی جائے گی جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ میں دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت قید ہیں، اور اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

پنجاب انتظامیہ نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹرز کو 25 فیصد کرایہ بڑھانے کی اجازت دے دی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹرز کے کرایوں میں 37 فیصد اضافے کی سفارش مسترد کرتے ہوئے پٹرول گاڑیوں کو 10 فیصد اور ڈیزل گاڑیوں کے مالکان کو 25 فیصد اضافے کی منظوری دیتے ہوئے مجوزہ کرایوں سے زائد وصول کرنے سے روک دیا۔
پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کے بعد سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسد عباس شیرازی نے راولپنڈی کے پبلک ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ میں کرائے نامے میں اضافے کی تجویز تیار کی تھی جس میں پبلک ٹرانسپورٹروں میں موجودہ کرایوں میں 37 فیصد اضافے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 37 فیصد اضافے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو ڈیزل گاڑیوں کے کرائے نامے میں 25 فیصد جبکہ پٹرول گاڑیوں کے کرائے میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے، جس کی روشنی میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹرز کو نیا ہدایت نامہ بھجوا دیا ہے۔
ہدایت نامے میں ٹرانسپورٹرز کو مجوزہ سے زائد کرائے وصول کرنے سے روک دیا ہے،

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج ایسٹر کا تہوار منا رہے ہیں۔
مسیحی آج ایسٹر کا تہوار منا رہے ہیں جس کیلئے گر جا گھروں میں دعا ئیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمدردی، امید، تجدید، نجات اور اچھائی کی برائی پر فتح کا واضح پیغام دیتا ہے، مسیحی مرد و خواتین ہمارے اسکولوں، اسپتالوں، سرکاری اداروں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستان میں مسیحی برادری کو قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ادھر وزیراعظم نے کہاکہ دعاگو ہیں کہ خوشیوں کا یہ دن مسیحی برادری، ہمارے ملک اور دنیا بھر کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے، موجودہ کشیدہ حالات میں تمام مذاہب کی امن کی تعلیم و ترغیب اور بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی، معاشی، تعلیمی حقوق کا یقینی تخفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔