ملک میں بجلی بلوں کے نام پر ایک نیا فراڈ پھیل رہا ہے، اس حوالے سے حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے۔ترجمان پاور ڈویژن نے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بل اور سبسڈی سے متعلق غیر مصدقہ معلومات اور جعلی مواد مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بعض عناصر ممکنہ طور پر غیر قانونی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کے بل کے سوا کسی بھی کیو آر کوڈ یا دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے سبسڈی سے متعلق معلومات حاصل کرنا یا فراہم کرنا درست نہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی سبسڈی سے متعلق معلومات کسی دوسرے پلیٹ فارم، چاہے وہ ڈیجیٹل ہو یا کاغذی، پر درج نہیں ہو سکتیں اور اس نوعیت کا مواد غیر قانونی تصور کیا جا رہا ہے۔ پاور ڈویژن نے بتایا کہ اس معاملے کی باقاعدہ اطلاع متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دے دی گئی ہے۔صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر سے محتاط رہیں اور سبسڈی سے متعلق کسی بھی معلومات کے لیے بجلی کے بل کے سوا کسی دوسرے پلیٹ فارم یا کیو آر کوڈ کا استعمال نہ کریں۔ترجمان پاور ڈویژن نے عوام پر زور دیا کہ غیر مصدقہ اور مشکوک ذرائع سے شیئر ہونے والے مواد سے ہوشیار رہیں
دفتر خارجہ کے ترجمان نے دوٹوک تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملے کے لیے فضائی حدود مانگنے کا کوئی امریکی مطالبہ نہیں ہوا ہے۔صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی کہ امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کے لیے پاکستانی فضائی حدود مانگنے کے کسی مطالبہ سے لاعلم ہیں، پاکستان سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا۔سندھ طاس معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے پانی کے ایک قطرے پر بھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ اس حوالے سے تمام قانونی طریقہ کار بروئے کار لائے جائیں گے۔ انٹرنیشنل کورٹ آف آربیٹریشن کا ایوارڈ فیصلہ بھارت کے مغربی دریاوں پر آبی کنٹرول کی حدود کو واضح کرتا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے سے یک طرفہ طور پر نکلنے کی کوئی شق نہیں ہے۔ رن آف ریوور کو بھارتی مفروضات کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ پاکستان انٹرنیشنل کورٹ آف آربیٹریشن کے ایوارڈ کو اطمینان بخش دیکھتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی چین کا دورہ کریں گے۔ جہاں ان کی اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی بے دخلی کے الزامات بےبنیاد ہیں، ہم ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی جلاوطنی سے متعلق اعداد و شمار مبالغہ آمیز ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں پاکستانی تارکین وطن کی مجموعی تعداد دیکھ کر صورتحال بہتر سمجھی جا سکتی ہے۔ 3 ہزار پاکستانیوں کی جلا وطنی مختلف تناظر میں ہے۔ ہمارے اور پارلیمان کے اعداد و شمار میں فرق نہیں ہے۔ بھارت میں پاکستانی پنکھے کی دریافت کے الزامات پاکستانی کبوتر کی طرح دقیانوسی ہیں
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اہم اعلی ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران میں موجود ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر کے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔خبر ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر کے ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے مسودوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات نے قیام امن کے طریقہ کار پر غور کیا۔دوسری جانب سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی آج بھی تہران میں ہی قیام کریں گے، محسن نقوی امریکا ایران مذاکرات سے متعلق اہم ملاقاتیں جاری رکھےہوئے ہیں
حکومت نے عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا۔اوگرانے مئی کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 28 فیصد تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی سدرن کے لیے ایل این جی کی قیمت میں3.51 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سوئی سدرن کے لیے ایل این جی کی نئی قیمت16.04ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔اسی طرح سوئی ناردرن کے سسٹم کے لیے ایل این جی 3.43 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہو گئی ہے، جس کے بعد سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 16.98ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اتھارٹی کے فیصلے میں تاخیر کے باعث مئی کی قیمتوں کے تعین میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 23 خوارج ہلاک کردیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، سکیورٹی فورسز نےگزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشنز میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ خوارج کے مزید 23 دہشتگردوں کو ہلاک کردیاگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج میں خارجی سرغنہ جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے، ہلاک دہشتگرد جان میر عرف طور ثاقب سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشنز کو دتہ خیل، سپن وام اور بنوں سمیت مختلف حساس علاقوں تک مزید توسیع دی گئی، اس کارروائی سے ان علاقوں میں سرگرم خوارج نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے
پاکستان کی جانب سے آئندہ پانچ برسوں میں بنگلادیشی طلبہ کو 500 اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اگست 2025 کے دورہ بنگلادیش میں پاکستان بنگلا دیش نالج کوریڈورکے آغازکا اعلان کیا تھا، جس کے تحت پاکستان آئندہ 5 برسوں میں بنگلادیشی طلبہ کو 500 اسکالرشپس فراہم کرے گا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈورکا دوسرا مرحلہ 10 مئی2026 کو ڈھاکہ میں شروع کیا گیا جب کہ بنگلادیشی وفد پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈورکے تحت 3 ہفتے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔
مزید براں وزیرخارجہ اسحاق ڈارنے پاکستان اوربنگلا دیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں 12 سزا یافتہ اشتہاری مجرمان کے ضمانتی مچلکے اور شوررٹی بانڈز ضبط کرنے حکم دیدیا۔
عدالت نے مجرمان کے ضامنوں کو جاری شوکاز نوٹسز کے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ملزمان کے ضمانتی مچلکوں کو ضبط اور ضامنوں کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیاْ
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے قرار دیا کہ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ان ضامنوں کو چھ چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی جبکہ اے ٹی سی راولپنڈی میں زیر سماعت 9 مئی مقدمات میں اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی کاروائی کا آغاز کیا جائے
سزا یافتہ مجرمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، کنول شوزب، اشرف سوہنا اور بلال اعجاز، راشد شفیق، احمد چٹھہ، بلال اعجاز، رائے حسن مرتضی میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اے ٹی سی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 5 مئی کو 47 اشتہار ملزمان کو دس دس سال قید کی سزائیں سنائی تھیں ان میں 12 مجرمان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور بانڈ ییلڈز میں اضافے نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے جڑی مثبت توقعات کو پس منظر میں دھکیل دیا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 467 اعشاریہ 59 ڈالر فی اونس تک آگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.9 فیصد کمی کے ساتھ 4 ہزار 471 اعشاریہ 10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ سیشن میں سونا 30 مارچ کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند شرح سود اور مضبوط امریکی ڈالر کے باعث سرمایہ کار سونے کے بجائے زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی طرف جا رہے ہیں۔ ڈالر اس وقت چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر موجود ہے، جس کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کیلئے سونا مزید مہنگا ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 6 ہزار 800 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 70 ہزار 362 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 830 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 3 ہزار 269 روپے پر آگئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 68 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 480 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔
پولیس نے مبینہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا۔ سٹی کورٹ کراچی میں سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ کے قریبی ساتھی محمد سمیر کی گرفتاری اور تفتیش کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
کراچی سٹی کورٹ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی سہولت کاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں درخشاں اور گارڈن پولیس نے ملزمہ کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے اہم پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔
پولیس نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم محمد سمیر کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے دو مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دے دی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ پولیس ملزم محمد سمیر سے سینٹرل جیل جا کر تفتیش کرے۔ پولیس کے مطابق ملزم جون 2021 میں درج چرس برآمدگی کے مقدمے میں پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل میں قید ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہے اور دورانِ تفتیش اس نے منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے نام ظاہر کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد سمیر ملزمہ پنکی کا رائیڈر تھا اور موٹرسائیکل کے ذریعے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔
لنڈیکوتل بازار ذخہ خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 14 افراد زخمی ہوگئے جس کو ذخہ ہسپتال لایا گیا,ریسکیو1122 کے مطابق میڈیکل ٹیم نے ریفرل ایمبولنس کے ذریعے ایک زخمی خاتون کو پشاور حیات اآباد میڈیکل کمپلکس منتقل کردیا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔










