خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔
ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق 22 مئی سے 31 اگست 2026 تک ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق میدانی علاقوں میں گرمیوں کی تعطیلات یکم جون سے 31 اگست 2026 تک ہونا تھیں۔
عید کی تعطیلات اور 22 مئی کو جمعہ ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کی وجہ سے چھٹیاں 22 مئی سے ہی کر دیں جائیں گی۔
خیبر پختون خوا کے میدانی اور سرد ترین پہاڑی علاقوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلامیہ پہلے سے شیڈول ہے۔
محکمہ تعلیم حکام کے مطابق خیبر پختون خوا کے سرد ترین پہاڑی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے پاکستان سے سیلز ٹیکس میں ہر قسم کی چھوٹ اور استثنیٰ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلی مذاکرات آج کیے جائیں گے۔آئی ایم ایف مشن اور ایف بی آر حکام کے درمیان آج 3 اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں ٹیکس وصولیوں، نئے محصولات اور آئندہ مالی سال کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے 15 ہزار 264 ارب روپے کے ٹیکس ہدف پر اصرار کیا جا رہا ہے جبکہ ایف بی آر اس ہدف میں کمی کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے 778 ارب روپے اضافی وصولی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں 430 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات زیر غور ہیں، جن پر ایف بی آر حکام آئی ایم ایف مشن کو تفصیلی بریفنگ دیں گے تاکہ ٹیکس اہداف اور محصولات سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔علاوہ ازیں ایف بی آر اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکس ہدف کو جی ڈی پی کے 11.2 فیصد کے برابر رکھنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔دوسری جانب آئی ایم ایف نے سیلز ٹیکس کی موجودہ 22.8 فیصد شرح کم کر کے 18 فیصد کرنے کی تجویز بھی دی ہے، تاہم اس کے ساتھ تمام استثنیٰ ختم کرنے کا مطالبہ برقرار رکھا گیا ہے۔

انمول عرف پنکی نے جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر آج بھی شور شرابہ کیا اور کچھ نئے نام بھی اگل دیے۔پولیس کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات پر منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو بغدادی تھانے میں منشیات کے استعمال اور قتل سے متعلق کیس میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچایا گیا۔ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس کی جانب سے انمول عرف پنکی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا اور عام افراد کو اندر آنے جانے سے روک دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ آج صبح درخشاں پولیس کی جانب سے بھی سٹی کورٹ میں عدالتی ریمانڈ کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔آج جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر انمول عرف پنکی نے میڈیا کو دیکھ کر شور شرابہ کیا، تاہم پولیس نے میڈیا کے نمائندوں کو دھکیل کر قریب آنے سے روک دیا اور جیسے ہی ملزمہ نے بولنا شروع کیا تو پولیس کی جانب سے شور مچایا گیا۔جوڈیشل کمپلیکس آمد پر ملزمہ نے تفتیشی افسر کو کمرہ عدالت میں دھمکیاں بھی دیں۔ پنکی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے تشدد کا نشانہ بنایا، ایس آئی او نے تھپڑ مارا ہے۔ مجھے آئی او نے دھمکیاں دیں اور کہا کہ منیب بٹ اور راجہ پرویز کا نام لینا ہے۔ مجھ سے کہا جا رہا ہے کہ ان کا نام لو۔ملزمہ نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 20دن سے اُٹھایا ہوا ہے۔ مجھے ابھی ابھی اندر لاتے ہوئے ایس آئی او نے تھپڑ مارا ہے۔ اس موقع پر ملزمہ کی جانب سے لیاقت گبول نے وکالت نامہ عدالت میں دائر کردیا۔بغدادی تھانے میں منشیات کے استعمال اور قتل سے متعلق کیس کی سماعت کے آغاز پر جج کے استفسار پر ملزمہ نے بتایا کہ میرا نام انمول ہے۔ دورانِ سماعت آئی او نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہے، مزید ریمانڈ دیا جائے۔سماعت کے موقع پر میڈیا اور عام افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا اور بند کمرے میں سماعت جاری رہی

ترجمان پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کے لیے اہم خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور موثر اقدامات کے باعث جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچا لیا گیا ہے ۔ ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔پاور ڈویژن کے بیان کے مطابق صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچا لیا گیا ہے، جس کی وجہ یہ رہی کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافے اور اسپیشل پیکیج کی بدولت صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے۔ مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار کے ذریعے لوڈ مینجمنٹ کو بھی کم کیا گیا۔پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی ہے۔ پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بدولت صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے نہ صرف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے بلکہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود مزید ریلیف بھی فراہم کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا بلکہ تقریباً 20 پیسے تک ریلیف ملنے کی توقع بھی ہے

صوبائی وزیر داخلہ نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی کی مبینہ ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کی گرفتاری اور اس کے منشیات کے نیٹ ورک کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے صوبائی ایوان کو مطلع کیا کہ ملزمہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلا چیلنج دے رکھا تھا، جسے پولیس نے کامیابی سے پورا کر دکھایا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے اسمبلی فلور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پنکی نے چیلنج دیا تھا کہ مجھے پکڑ کر دکھاؤ، اور ہم نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے ملزمہ کی گرفتاری کو پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ قانون سے بڑھ کر کوئی بھی نہیں ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کوکین استعمال کرنے والوں کا نام پردے میں رہنا چاہیے، جبکہ پنکی نیٹ ورک کے کارندوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔

منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے عدالت نے سماعت جیل میں کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی ساؤتھ کی عدالت نے حساس مقدمے کی سماعت جیل میں کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ سیشن جج کراچی ساؤتھ نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو جیل میں پیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ریمانڈ کی کارروائی سینٹرل جیل کمپلیکس میں کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کو سینٹرل جیل کمپلیکس جا کر ریمانڈ کارروائی انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پنکی کے خلاف مقدمہ نمبر 147/2026 تھانہ بغدادی میں دفعہ 302 کے تحت درج ہے۔
عدالت میں پولیس نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر خصوصی درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سٹی کورٹ میں پیشی خطرناک ہو سکتی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سٹی کورٹ میں عوامی تحفظ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

جنوبی وزیرستان میں بازار میں ہونے والے خوفناک بم دھماکے میں اہم شخصیت سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جنوبی جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا بازار میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خانزادہ مارکیٹ کے گیٹ کے قریب پیش آیا۔
خوفناک دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں چیف آف احمد زئی وزیر ملک طارق خان، ملک سرفراز خان اور یارگل خیل جان شامل ہیں، جبکہ
2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملک طارق خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

سندھ کے شینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی سے منشیات خریدنے والوں کے نام جانتا ہوں لیکن ابھی پگڑیاں نہیں اچھالنا چاہتا۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے منشیات کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا، ملک سے ناسور کا خاتمہ کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے، جلد پورا نیٹ ورک نیست و نابود کر دیں گے
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ انمول عرف پنکی منشیات کی اسمگلر اور سپلائر تھی، ملزمہ اس وقت قانون کے شکنجے میں ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمت دکھائی شاباش دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی سب سے بڑی برائی اور جڑ کو گرفتار کیا گیا، انمول عرف پنکی کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’’پنکی ایپسٹین فائلز کا پاکستانی ورژن ہے۔‘‘ یاد رہے ایپسٹین فائلز امریکی محکمہ انصاف نے جاری کی تھیں، جس میں جیفری ایپسٹین کے کم عمر بچیوں کے خلاف جنسی جرائم، منشیات کے استعمال اور امریکا سمیت دنیا بھر کی اہم شخصیات کا ذکر تھا۔
خواجہ آصف کا ایپسٹین فائلز کی طرف اشارہ اسی بنیاد پر دکھائی دیتا ہے کہ انمول پنکی کے گاہکوں میں بھی بڑے بڑے نام شامل ہیں، انکشاف کیا گیا ہے کہ پنکی کے گاہکوں کی فہرست میں 30 کے قریب سیاست دانوں کے نام بھی شامل ہیں، اور اس کی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ سے سیاسی و سماجی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، سندھ حکومت کے حوالے کی جانے والی اس انتہائی خفیہ رپورٹ میں ’پنکی کوکین نیٹ ورک‘ کے تمام بڑے گاہکوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں یہ تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک کس طرح کام کرتا تھا اور شہر کے کن وی آئی پی حلقوں، بالخصوص لگ بھگ 30 سیاست دانوں کو مہنگی ترین منشیات سپلائی کی جا رہی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے، مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔
لاہور میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی عمرہ پہنچے۔نواز شریف اور اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں اسحاق ڈار نے نواز شریف کو آئندہ بجٹ کی تفصیلات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں کہ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملاقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال بھی موجود تھے