Blog
امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز فرانزک کے لیے بھجوا دیے گئے ڈریسنگ روم لیکس کیس میں مالی معاملات اور مشتبہ لین دین کی بھی جانچ

لاہور: ڈریسنگ روم لیکس کیس میں قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے حوالے سے تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے دونوں کھلاڑیوں سے لیے گئے موبائل فونز فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم نے گزشتہ روز دونوں موبائل فونز ان لاک کروائے، جس کے بعد انہیں تکنیکی جانچ کے لیے فرانزک لیب منتقل کیا گیا۔ تحقیقات میں دونوں کھلاڑیوں کے مالی معاملات، مشتبہ لین دین اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اور بعد کی بینک ٹرانزیکشنز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ تاہم NCCIA نے تاحال امام الحق یا محمد رضوان پر کسی الزام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
دونوں کرکٹرز سے انگلینڈ میں پریکٹس اور میچز کے دوران رابطوں اور ملاقاتوں سمیت دیگر معاملات پر بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ گزشتہ روز دونوں سے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد تفتیش ہوئی، جبکہ انہوں نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق معاملے کا اندرونی جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مقررہ قوانین اور طریقہ کار کے تحت جاری ہیں۔