Featured

تیسرے بچے کی پیدائش پر 30 ہزار اور چوتھے پر 40 ہزار روپے دینے کا اعلان

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں آبادی کی گرتی ہوئی شرح کو روکنے کیلیے بچوں کی پیدائش پر انعامی رقم دینے کا اعلان کیا۔
ایک جلسے سے خطاب میں این چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشرہ شرح پیدائش بڑھانے کیلیے مل کر کام کرے، حکومت ایک ماہ کے اندر مزید تفصیلات کا اعلان کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نے ایک نیا فیصلہ کیا ہے، ہم تیسرے بچے کی پیدائش پر 30 ہزار اور چوتھے کے جنم 40 ہزار روپے والدین کو دیں گے، کیا یہ صحیح فیصلہ نہیں ہے؟
این چندرابابو نائیڈو کا مذکورہ اعلان دوسرے بچے کی پیدائش پر 25 ہزار روپے دینے کی اس سے پہلے کی تجویز کے بعد سامنے آیا۔ 5 مارچ 2026 کو انہوں نے اسمبلی کو آگاہ کیا تھا کہ ریاستی حکومت دوسرے بچے کی پیدائش پر جوڑوں کو انعامی رقم دینے پر غور کر رہی ہے۔
تاہم، ریاستی وزیر صحت ستیا کمار یادو نے بعد میں بتایا تھا کہ حکومت نے اس کا دائرہ کار تیسرے اور اس سے زیادہ بچے پیدا کرنے والے خاندانوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
این چندرابابو نائیڈو کا مزید کہنا تھا کہ آمدنی میں اضافے کے ساتھ کچھ جوڑے صرف ایک ہی بچہ پیدا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ دیگر جوڑے دوسرا بچہ صرف اسی صورت میں پیدا کرتے ہیں جب ان کی پہلی اولاد لڑکا نہ ہو۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ریاست میں آبادی کے بڑھنے کی شرح کم ہو رہی ہے، آبادی صرف اسی صورت میں مستحکم رہتی ہے جب فی عورت اوسط شرح پیدائش 2.1 بچے ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *