Blog
خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے 22 افراد جاں بحق،23 زخمی جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، پی ڈی ایم اے

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے، 37 گھروں کو نقصان پہنچا،حالیہ مون سون سپیل پورے ملک میں جاری ہے، اس دوران خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 19 جولائی سے اب تک ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی افراد میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 29 گھر جزوی متاثر جبکہ 8 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون سپیل کے دوران رونما ہونے والے مختلف واقعات صوبے کے مختلف اضلاع میں پیش آئے، جن میں پشاور سمیت نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر ، باجوڑ ، شانگلہ ، صوابی ، چترال لوئرو اپر شامل ہیں۔بارش و سیلاب سے متاثر ہونے والے دیگر اضلاع میں دیر لوئر و اپر ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کیا جائے اور امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، تاہم بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، جبکہ اس کے علاوہ حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ہدایات پر عمل لازمی کرنا ہوگا۔