Blog
طیارہ تباہ امریکی ریاست فلوریڈا میں طیارہ تباہ، سوار تمام 9 افراد ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کے رہائشی علاقے میں نجی کمپنی کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق حادثہ اتوار کو پام بیچ کاؤنٹی میں دوپہر 12بج کر 50منٹ پر پیش آیا۔حادثے کا مقام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مارالاگو سے تقریباً 7میل دور بتایا گیا ہے، طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔مریکی وزیر ٹرانسپورٹ سین ڈفی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک ہولناک سانحہ قرار دیا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے)کے مطابق تقریباً 20لاکھ ڈالر مالیت کا لیئر جیٹ 60طیارہ ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا اور اس کی منزل بہاماس تھی۔ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ اور پرواز کی نگرانی کرنے والے ڈیٹا کے مطابق طیارہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر مشرق کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ پائلٹس نے شدید جھٹکوں، برف جمنے اور بارش کی اطلاع دی اور مزید 2 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی اجازت طلب کی۔اطلاعات کے مطابق کچھ ہی لمحوں بعد طیارہ تیزی سے نیچے آنے لگا۔ پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے مدد کے لیے پیغامات بھی بھیجے، تاہم طیارہ اچانک دائیں جانب مڑنے کے بعد زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے جائے حادثہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ زمین کی جانب ایسے گرا جیسے کوئی میزائل آ رہا ہو۔ ان کے مطابق حادثے کے مقام پر سڑک کے کنارے ایک بڑا گڑھا بھی پڑ گیا۔جائے حادثہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں زمین پر گہرا گڑھا اور اطراف میں آگ کے شعلے دکھائی دیے، جبکہ طیارے کا ملبہ بھی بکھرا ہوا تھا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات میں نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کی معاونت کے لیے ایک ٹیم روانہ کر رہی ہے۔ حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی