Pakistan

عمران خان کی بہن نورین نیازی کےخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ اداروں، بشمول مسلح افواج، کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے

ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن نورین نیازی کےخلاف پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔نیشنل سائبر کرائم انٹیلی جنس اتھارٹی کی جانب سے ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں پاکستان کی ریاست اور اس کے اداروں، بشمول مسلح افواج، کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے، جس سے ریاست پر عوام کا اعتماد متزلزل کرنے اور عوام میں خوف و سراسیمگی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز مواد پھیلایا اور ریاستی و سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا۔حکام کے مطابق مقدمہ پیکا 2016 کی دفعات 20 اور 26 A جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پوڈکاسٹ انٹرویو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مختلف اکاؤنٹس سے شیئر ہونے کے بعد وائرل ہوا، ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس مواد کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت، خوف اور بداعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔این سی سی آئی اے کے مطابق عمران خان کی بہن نورین نیازی کو متعدد بار نوٹس جاری کر کے بیان ریکارڈ کرانے اور تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم مقدمہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر درج کیا گیا، ادارے کا کہنا ہے کہ کیس میں دیگر ممکنہ کرداروں کا تعین بھی تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ نورین نیازی کا بیان پارٹی پالیسی نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *