Blog
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے 12 ستمبر 1965 کو لاہور کے محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے

لاہور: جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا 61 واں یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مسلح افواج کی جانب سے ان کی غیر معمولی بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے 12 ستمبر 1965 کو لاہور کے محاذ پر دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
میجر عزیز بھٹی شہید نے پانچ دن اور پانچ راتیں مسلسل دشمن کے حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے برکی سیکٹر کا بہادری سے دفاع کیا۔ ان کی ثابت قدم قیادت کے باعث دشمن کی لاہور کی جانب پیش قدمی رک گئی۔
جنگ کے دوران دشمن کو بکتر بند دستوں اور بھاری توپ خانے کی مدد حاصل تھی، تاہم میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاع کے ساتھ دشمن کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھیں اور BRB نہر عبور کرنے والے واحد پل پر قابض دشمن کو پیچھے دھکیل دیا۔
12 ستمبر کو دشمن کے بڑھتے ہوئے بکتر بند اور پیدل دستوں کے خلاف کارروائی کے دوران دشمن کے دو ٹینک تباہ کیے گئے۔ اسی دوران دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ لگنے سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ہوگئے۔
میجر عزیز بھٹی شہید کی بے مثال جرات اور لازوال قربانی آج بھی پاک فوج کی تاریخ میں روشن مثال سمجھی جاتی ہے۔