Blog
وزیراعلیٰ کی تبدیلی،گورنر کا اہم بیان سامنے آگیا وزیراعلیٰ کا استعفیٰ موصول ہوا تو منظور کرلوں گا،فیصل کریم

پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلی سہیل آفریدی کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیوں پر کہا ہے کہ سہیل آفریدی جا رہے ہیں اور علی امین گنڈاپور آ رہے ہیں، کچھ پتا نہیں، تاہم وزیراعلی ہاوس سے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت استعفیٰ موصول ہوا تو وہ اسے منظور کرلیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت سے رابطہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے پشاور میں وفاقی کابینہ کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں بلایا جائے،وزیراعظم سے پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے جانے اور علی امین گنڈاپور کے آنے سے متعلق انہیں کچھ معلوم نہیں، تاہم اگر وزیراعلیٰ ہاؤس سے استعفیٰ باقاعدہ اور مقررہ چینل کے ذریعے موصول ہوا تو وہ اسے منظور کر دیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ احتجاج پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت لانگ مارچ تو دور، شارٹ مارچ کے بھی قابل نہیں، جبکہ تاریخ پر تاریخ دینے سے کام نہیں چلتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہیں، تاہم افغانستان سے ہونے والے کواڈ کاپٹر حملوں پر صوبائی حکومت کی جانب سے مذمت سامنے نہیں آئی۔فیصل کریم کنڈی نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اسمبلی میں افغانستان سے ہونے والے کواڈ کاپٹر حملوں کے خلاف قرارداد کیوں پیش نہیں کی اور اس معاملے پر خاموشی کیوں اختیار کی گئی۔