Blog
وزیراعلیٰ کے پی نے 11 اکتوبر کو صوابی پہنچنے کا اعلان کردیا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کا اگلا لائحہ عمل دیتے ہوئے 11 اکتوبر کو صوابی پہنچنے کا اعلان کیا ہے جہاں ہزارہ ڈویژن کے لیے لائحہ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شبقدر چوک ضلع چارسدہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے 11 اکتوبر کو پورے پاکستان کے عوام کو صوابی انٹرچینج پہنچنے کی دعوت دی اور کہا کہ 13 اکتوبر کو پشاور اور ملاکنڈ ڈویژن کے قافلے صوابی انٹرچینج پہنچیں گے اور اسی روز ہزارہ ڈویژن کے لیے بھی لائحہ عمل دیا جائے گا، کوہاٹ ڈویژن کے قافلے بھی صوابی انٹرچینج پہنچیں گے جبکہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے قافلے سی پیک روٹ پر مارچ میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت وہ ہوتی ہے جو عوام کی بہتری اور خوش حالی کے لیے کام کرے، بند کمروں میں فیصلے کرکے رجیم چینج آپریشن کے ذریعے پاکستان کی ترقی کا سفر روک دیا گیا، آج وہ سابقہ چار سالہ حکومتی کارکردگی اور رجیم چینج آپریشن کے اثرات عوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں غربت کی شرح 48 فیصد تک پہنچ چکی ہے، گورننس انڈیکس میں 120 ممالک میں پاکستان کا نمبر 109 ہے، جی ڈی پی گروتھ کم ہوکر 2.2 فیصد رہ گئی ہے اور مہنگائی کی شرح 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ناتجربہ کار کہنے والے یہ جان لیں کہ وہاں مہنگائی کی شرح صرف 16 فیصد ہے، رجیم چینج آپریشن کے بعد پاکستان کے تمام معاشی اشاریے منفی سمت میں جا رہے ہیں، عالمی دہشت گردی انڈیکس میں پاکستان دنیا میں سرفہرست آچکا ہے اور بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کے نتائج آج پاکستان بھگت رہا ہے۔