Blog
پاکستان میں پہلی بار یونٹی میراتھن ریس کا انعقاد کرسچن کمیونٹی کے سیکڑوں افراد کی شرکت، نمایاں ایتھلیٹس میں انعامات تقسیم

کراچی: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یونٹی میراتھن ریس کا انعقاد کراچی کے نشان پاکستان سی ویو، کلفٹن میں کیا گیا، جس میں کرسچن کمیونٹی کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اون ٹو رن پاکستان کے زیر اہتمام کرسچن یوتھ رن میں مردوں کے لیے 5 کلومیٹر، خواتین کے لیے 3 کلومیٹر جبکہ 12 سال تک کے بچوں کے لیے 1 کلومیٹر کی ریس منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سندھ حکومت کے سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہیسر تھے، جبکہ ایس ایس پی ریٹائرڈ آصف رزاق، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید، سہیل سردار، پاسٹر جاوید نور، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ریس کے دوران شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ مختلف طبقات کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹس میں بالترتیب 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ بچوں کی کیٹیگری میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے۔