Pakistan

پی ٹی آئی کا اسلام آباد مارچ آخری کوشش ہوگی: خواجہ آصف اس بار فیصلہ کن معرکہ ہوگا، وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال اس نوعیت کی آخری کوشش ہوگی اور اس کے بعد پی ٹی آئی اس طرح وفاقی دارالحکومت کا رخ نہیں کر سکے گی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل وزیر دفاع نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینا قابلِ تشویش ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر اللہ نے چاہا تو یہ پی ٹی آئی کی آخری کوشش ہوگی اور اس کے بعد وہ اس طرف رخ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”اب یہ فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔”
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد آئیں ہی نہ، اور یہ بھی ایک فیصلہ کن بات ہوگی۔ ان کے مطابق وفاق یا پاکستان اس طرح کی صورتحال کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے بھی احتجاج کے حوالے سے سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نے احتجاج روکنے کی کوشش کی تو نوجوان مزاحمت کریں گے، جبکہ پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے بھی حکومت کی جانب سے احتجاج دبانے کی صورت میں سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے بھی احتجاج کے دوران اسلام آباد پر حملے کی بات کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا سیاسی حق ہے، تاہم ریاست اور افواج کے خلاف پروپیگنڈا قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *