Blog
کرک میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، 2دہشت گرد ہلاک، متعدد فرار دہشت گرد بارودی مواد نصب کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے

کرک:کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کوہاٹ ریجن نے مصدقہ اطلاعات پر ضلع کرک میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی ضلع کرک میں تھانہ خرم کی حدود میں نزد نیکی صاحب زیارت کے مقام پر کی گئی، جہاں دہشت گرد سڑک پر ناکہ بندی اور سڑک کنارے بارودی مواد نصب کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کو اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سے وابستہ کمانڈر کلیم اللہ عرف سیف العمر، نائب کمانڈر شعیب عرف سیف اور ان کے دیگر ساتھی مذکورہ علاقے میں موجود ہیں، دہشت گرد ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے جبکہ ان کے پاس آئی ای ڈی تیار کرنے کا سامان بھی موجود تھا۔مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیموں نے دیگر نفری کے ہمراہ علاقے کی جانب پیش قدمی کی، اہلکاروں کے موقع پر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مناسب آڑ حاصل کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا، فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو 2 دہشت گرد ہلاک پائے گئے جبکہ دیگر فرار ہوچکے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2ایس ایم جیز، 2ہینڈ گرینیڈز، 6میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک سے متعلق بھی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔سی ٹی ڈی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ علاقے میں امن کے قیام اور دہشت گردوں کی آخری پناہ گاہوں کے خاتمے تک انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی