World

گیم خالق چل بسا مقبول گیم ’اسٹک رن‘ کے خالق مینوئل اوٹو کی لائیو نشریات کے دوران مبینہ خودسوزی

جرمنی: عالمی شہرت یافتہ آن لائن گیم ’اسٹک رن‘ کے خالق اور جرمن گیم ڈویلپر مینوئل اوٹو 30 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی موت کا واقعہ لائیو نشریات کے دوران پیش آیا، تاہم واقعے کی تمام تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق مینوئل اوٹو کی موت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے براہِ راست نشریات کے دوران خودکشی کی۔ اسٹک رن گیم کی انتظامیہ کے ترجمان نے بھی ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس لائیو نشریات کا علم ہے جس میں بظاہر مینوئل اوٹو نے اپنی جان لے لی۔
امریکی جریدے پیپل کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی جنوب مشرقی ریاست باویریا میں ایک عمارت میں آگ لگنے کے بعد مینوئل اوٹو کی لاش ملی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک پڑوسی نے آگ دیکھ کر اسے بجھانے کی کوشش بھی کی تھی۔
اسٹک رن گیم کی انتظامیہ نے اپنے خالق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مینوئل اوٹو صرف گیم کے تخلیق کار ہی نہیں بلکہ اس کے کھلاڑیوں کی برادری کا بھی اہم حصہ تھے۔ ان کا کام اور تخلیق کھلاڑیوں کی یادوں میں زندہ رہے گی۔
مینوئل اوٹو نے محض 14 سال کی عمر میں 2010 میں فیس بک کے لیے اسٹک رن گیم تیار کی تھی۔ اس گیم میں کھلاڑی انسانی خاکے جیسے کردار کو رکاوٹوں سے بھرے راستوں پر دوڑاتے اور سکے و پوائنٹس جمع کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسٹک رن دنیا بھر میں مقبول ہوئی اور اسے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور موبائل فونز پر چار کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ مرتبہ کھیلا جاچکا ہے۔
واقعے کے بعد گیم کی نشریاتی ویب سائٹ ٹوئچ نے مینوئل اوٹو کا چینل اور متعلقہ ویڈیو ہٹا دی۔ پلیٹ فارم نے اپنے بیان میں صارفین کی ذہنی صحت اور فلاح کو اہم قرار دیتے ہوئے مشکل حالات سے گزرنے والے افراد کو مدد حاصل کرنے کی ترغیب دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *