Pakistan

عمران خان اسپتال منتقلی کیس: حکومت کی سپریم کورٹ میں دوبارہ نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے درخواست دوبارہ دائر

بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی اسپتال منتقلی کے کیس میں حکومت نے سپریم کورٹ میں دوبارہ نظرثانی درخواست دائر کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سپریم کورٹ میں متفرق نظرثانی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں 18 اگست کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی نظرثانی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے بعد دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں 18 اگست کا فیصلہ واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم نامہ قانون اور جیل رولز کے خلاف ہے۔
حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی احکامات پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی تھی جسے رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا۔
بدھ کے روز سپریم کورٹ نے عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کرکے انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے قبل اڈیالہ جیل میں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی تھی۔ میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل بھی اڈیالہ جیل کے اندر گئے تھے، جہاں میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد پولیس نے شفا انٹرنیشنل اسپتال جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے تھے، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *