Blog
میر رضا قتل کیس، مقتول کی بہن نے مشکوک معاملات کا انکشاف کردیا سیکیورٹی واپس لینے اور مشکوک گاڑیوں کی جانب سے پیچھا کیے جانے کا دعویٰ

میر رضا قتل کیس میں مقتول کی بہن نے اپنے ویڈیو بیان میں کچھ مشکوک معاملات کا انکشاف کیا ہے۔
نوجوان تاجر میر رضا کے قتل سے متعلق کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات تاحال جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی عامر فاروقی نے میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے پر غور کا عندیہ دیا تھا، تاہم فی الحال یہ ویڈیو سامنے نہیں آسکی۔
دریں اثنا تفتیش کے دوران میر رضا کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ شیخ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے اور ان کا موبائل فون بھی فارنزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید سے بھی مدد لی۔ ڈاکٹر سمعیہ سید نے میر رضا کی پوسٹ مارٹم رپورٹس میں استعمال ہونے والی طبی اصطلاحات کے حوالے سے تفتیشی ٹیم کو بریفنگ دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر سمعیہ سید نے پوسٹ مارٹم رپورٹس سے متعلق تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ طبی رپورٹس میں استعمال ہونے والی اصطلاحات کے باعث تفتیشی ٹیم کو تحقیقات کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی عامر فاروقی نے میر رضا کے مبینہ آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے پر غور کا اظہار کیا ہے اور اہلخانہ نے سوال اٹھایا ہے کہ پولیس کے پاس فوٹیج موجود تھی تو اسے خاندان کے ساتھ کیوں شیئر نہیں کیا گیا۔