World

سعودی عرب پرحملے:پاکستان کا ایران کودوٹوک پیغام سعودی حکام کی پاکستانی اور ترک فوجی نمائندوں سے ملاقات

سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کے بعد پاکستان نے ایران تک سعودی عرب کا واضح پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ یمنی حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے حملے رکوانے کی کوشش کرے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے سفارتی اور پاکستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ پیغام گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کو پہنچایا گیا جس میں خبردار کیا گیا کہ حوثیوں کے حملے جاری رہے تو خطے میں جاری پراکسی تنازع ایک بڑے سکیورٹی بحران میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان حالیہ دفاعی تعاون کے تناظر میں اس پیغام کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ریاض میں سعودی حکام نے پاکستانی اور ترک فوجی نمائندوں سے ملاقات بھی کی جس میں ممکنہ ردعمل کے حوالے سے رابطہ کاری پر غور کیا گیا۔رائٹرز کے مطابق تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ان کی افواج یمن میں داخل نہیں ہوں گی اور اگر کوئی فوجی کارروائی کی گئی تو اسے سعودی سرحدوں کے دفاع تک محدود رکھا جائے گا۔ایک پاکستانی ذریعے نے بتایا کہ حوثیوں کے خلاف کسی جوابی کارروائی میں پاکستان کی براہ راست شرکت کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فوجی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے جس کا دائرہ سعودی سرزمین کے تحفظ تک محدود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *