Pakistan

خواتین سڑکوں پر کوہاٹ میں پانی گیس بجلی غائب ،خواتین سراپا احتجاج

کوہاٹ:محلہ خزانچی میں پانی کی عدم دستیابی، گیس کی قلت اور بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین اور بزرگ شہری احتجاج کرتے ہوئے کوہاٹ کے مرکزی مین بازار پہنچ گئے، جہاں مظاہرین نے بازار کو ٹریفک اور آمدورفت کے لیے بند کردیا۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ سٹی کے علاقے محلہ خزانچی کے رہائشی پانی کی عدم فراہمی اور گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے۔احتجاج میں خواتین اور بزرگ شہریوں نے شرکت کی، جبکہ بعض خواتین کے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی تھے۔مظاہرین نے متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور گیس و بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔احتجاج کے باعث کوہاٹ کے مرکزی مین بازار میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ پانی، گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے۔مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور علاقے میں بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *