وزیراعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا حزب اختلاف والے ہمارے بھائی ہیں ، آئیں بیٹھیں، میں بطور وزیراعظم بھی بات کرنے کیلئے تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان میں ملک کے ہر حصے سے عوام کے منتخب ارکان نمائندگی کے لیے موجود ہیں اور یہ ایوان ہمیشہ گواہی دے گا کہ پاکستان کی بقا ہے تو ہی ہم سب کا وجود ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے سینیئر رکن ثنا اللہ مستی خیل کو مخاطب کرتے ہوئے دوستانہ انداز میں کہا کہ “ثنا اللہ مستی خیل سے میرا پرانا اور بالکل بھائیوں والا تعلق ہے، میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ وہ مجبور ہیں، ورنہ وہ ہماری طرف آ جاتے۔”
وزیراعظم نے اپوزیشن بنچوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف والے ہمارے بھائی ہیں، ان سے کوئی لڑائی نہیں، جب میں اپوزیشن لیڈر تھا تو میری پیش کَشوں کو حقارت سے ٹھکرایا گیا، لیکن آئیں بیٹھیں، میں بطور وزیراعظم بھی بات کرنے کیلئے تیار ہوں۔
وزیراعظم نے صوبائی خودمختاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے وسائل ان کی اپنی ملکیت ہیں اور اس معاملے پر کوئی دو رائے نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے بلوچستان کے حقوق کے حوالے سے اہم اقدامات کا بتاتے ہوئے کہا ریکوڈیک منصوبے میں بلوچستان کے عوام کے شیئرز اور حقوق تاریخ کی روشن مثال ہیں جبکہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے مطالبے پر اس کا حصہ 100 فیصد بڑھایا گیا، جس کے لیے پنجاب سمیت دیگر صوبوں نے اپنے شیئرز دیے۔ سب سے زیادہ حصہ پنجاب نے ڈالا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے کاشتکاروں کو مفت سولر پینلز دینے کے منصوبے پر 75 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے میں صرف ایک سڑک کی تعمیر پر 300 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہو رہی ہے۔
ملکی سلامتی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے چند روز قبل مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ‘خوارج’ ملوث ہیں، ملکی سیکیورٹی اور دفاع کے لیے سرحدوں پر باڑ کی تنصیب بالکل درست اور ناگزیر عمل تھا۔
انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوان اور افسران اپنے بچے یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں، اس لیے ہم سب پر فرض ہے کہ اپنے وطن کے شہدا کی قربانیوں کی ہمیشہ عزت وتکریم کریں۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *