Pakistan

خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنےکا خدشہ،الرٹ جاری

: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنےکا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 22 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا میں بارشیں، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ہے، جس کے باعث خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے حوالے سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور GLOF کا خطرہ ہے۔خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکان سمیت صوبہ بھر کے بالائی اضلاع میں برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام حساس علاقوں میں ہائی الرٹ برقرار رکھا جائے، صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے، ریسکیو مشینری اور عملہ تیار رکھا جائے اور ہنگامی انخلا کے لیے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اس کے علاوہ دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں سے دور رہیں، شدید بارش کے دوران پانی کے تیز بہاؤ سے بچیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *