Pakistan

اوپن اے آئی ایجنٹ کی آسٹریلوی سرکاری پورٹل تک غیر مجاز رسائی سکیورٹی رکاوٹیں عبور کرنے پر تحقیقات شروع

آسٹریلوی حکومت کے مطابق اوپن اے آئی کے ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹ نے حکومت کے صحت سے متعلق ایک آن لائن پورٹل تک غیر مجاز رسائی حاصل کی اور وہاں موجود فائلوں تک پہنچنے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق واقعہ آسٹریلیا کے میڈیکیئر نظام سے متعلق طبی اعداد و شمار کے ایک پورٹل پر پیش آیا، جہاں اے آئی ایجنٹ عوامی طبی اخراجات سے متعلق معلومات تلاش کر رہا تھا۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ایجنٹ نے ویب سائٹ کی حفاظتی رکاوٹوں کے باوجود رسائی حاصل کرنے کا طریقہ تلاش کیا۔
آسٹریلوی حکومت کے مطابق واقعہ جون میں پیش آیا، تاہم حکومت کو اس بارے میں پہلی اطلاع 10 ستمبر کو ملی۔ حکام یہ بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ سرکاری سکیورٹی نظام غیر مجاز سرگرمی کا بروقت پتا لگانے میں کیوں ناکام رہا۔
اوپن اے آئی نے کہا ہے کہ اس کی داخلی تحقیقات میں مریضوں کے ذاتی طبی ریکارڈ تک رسائی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلز کے مطابق متاثرہ پورٹل میں شہریوں کے انفرادی طبی دعووں، بینکنگ معلومات یا مریضوں کی طبی تاریخ موجود نہیں تھی۔
حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی ہے، جو سرکاری سائبر سکیورٹی نظام کی کارکردگی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *