خوشخبری سرمایہ کاروں کیلئے، دبئی میں ویزا قوانین مزید نرم
دبئی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پراپرٹی ویزا قوانین میں اہم نرمی کا اعلان کرتے ہوئے جائیداد خریدنے پر 2 سالہ رہائشی ویزا حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اب سنگل مالک کیلئے مقررہ کم از کم قیمت کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکام کے مطابق اب مشترکہ پراپرٹی کی صورت میں بھی رہائشی ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پراپرٹی مارکیٹ کو مزید متحرک کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 2 سالہ انویسٹر ویزا کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور قابل رسائی بنایا گیا ہے، جبکہ دیگر طویل مدتی ویزوں کی شرائط بدستور برقرار ہیں۔ 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے کم از کم 10 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری اور عمر کی حد 55 سال مقرر ہے۔
اسی طرح 10 سالہ گولڈن ویزا کے حصول کیلئے 20 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری لازمی قرار دی گئی ہے۔ گولڈن ویزا ہولڈرز کو فیملی اور گھریلو ملازمین کی اسپانسرشپ کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جبکہ وہ متحدہ عرب امارات سے باہر رہ کر بھی اپنے ویزا کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نئی پالیسی سے دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں مزید تیزی آئے گی اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔




Leave a Reply
Want to join the discussion?Feel free to contribute!