Blog
کزن گرفتار نازیبا ویڈیوز کا تنازع، کراچی میں اغوا نوجوان قتل

کراچی کے علاقے گلشن حدید سے اغوا ہونے والے 23 سالہ زین العابدین کے قتل کا معاملہ سامنے آگیا، پولیس نے مقتول کے کزن فیصل کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زین العابدین کو دو روز قبل اغوا کیا گیا تھا اور ملزمان نے رہائی کے بدلے 7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ مقتول کے والد کے مطابق ملزمان نے ایک شاپنگ بیگ میں نوجوان کا ہاتھ، شناختی کارڈ، سم کارڈ اور موبائل فون گھر پہنچایا تھا۔ بعد ازاں تاوان کی رقم پانچ لاکھ روپے طے ہوئی۔
ایس ایس پی ملیر خالق پیرزادہ کے مطابق پولیس نے شک کی بنیاد پر فیصل سے تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کرلیا۔ ملزم کی نشاندہی پر نوجوان کی لاش اسٹیل مل کے قریب سے برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ مقتول کے پاس اس کی بعض نازیبا ویڈیوز موجود تھیں، جن کے باعث دونوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم فیصل کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے بیانات کی ڈیجیٹل شواہد کی روشنی میں تصدیق کی جائے گی۔ مقتول بیرونِ ملک سے کراچی آیا ہوا تھا۔