Blog
27 ستمبر لانگ مارچ، راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن 150 رہنما اور کارکن زیرحراست

27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایکسپریس اردو کے مطابق ڈویژن کے مختلف اضلاع میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پکڑ دھکڑ اور ڈور ناکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، مری اور جہلم میں تقریباً 150 پی ٹی آئی رہنما اور کارکن زیرحراست ہیں، جنہیں 3 ایم پی او کے تحت مختلف جیلوں میں نظر بند کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 463 سرکردہ رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن اور انصاف لائرز فورم کے 91 رہنما اور کارکن بھی مانیٹرنگ میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 روز کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں 2 ہزار سے زائد ڈور ناکنگ کی گئی۔ لانگ مارچ کے پیش نظر شاہراہوں پر کنٹینرز، پولیس کی اضافی نفری اور دیگر انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈویژن میں تقریباً 43 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ رینجرز بھی پولیس کی معاونت کے لیے تعینات ہے۔