Blog
پی سی بی کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند واپس لانے کا فیصلہ قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی میں ڈیوکس گیند استعمال نہیں ہوگی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2026-27 کے ڈومیسٹک سیزن سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک بار پھر کوکابورا گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی میں گزشتہ دو سیزنز سے استعمال ہونے والی ڈیوکس گیند کا استعمال ختم ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کا ماننا ہے کہ کوکابورا گیند کی واپسی سے پاکستان کی ڈومیسٹک اور ٹیسٹ کرکٹ کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈیوکس گیند کی نمایاں اور سخت سیون کے باعث فاسٹ بولرز کو زیادہ دیر تک سوئنگ اور سیم موومنٹ ملتی رہی، جس کے نتیجے میں کئی میچز میں بولرز کو واضح برتری حاصل رہی۔
نئے سیزن میں زیادہ تر فرسٹ کلاس میچز پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔ ان شہروں میں موسم اور پچز پہلے ہی فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار سمجھے جاتے ہیں۔
پی سی بی کو امید ہے کہ کوکابورا گیند کے استعمال سے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان بہتر توازن قائم ہوگا اور اسپنرز کو بھی میچز میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند آخری بار 2023-24 کے سیزن تک استعمال ہوئی تھی، جس کے بعد ڈیوکس گیند کو متعارف کرایا گیا تھا۔