Blog
آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ، ن لیگ 9 اور پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ایل اے 1 میرپور 1 میں ن لیگ کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب

میرپور، آزاد کشمیر: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا۔ 13 نشستوں کے مکمل غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہوگئے جس کے مطابق ن لیگ نے 9 اور پیپلزپارٹی نے 4 نشستوں پر میدان ماریا۔ براڈیفائی ڈیجیٹل کے مطابق میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں عوام نے پیر کو ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہا امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔5 بجے پولنگ کا وقت ختم ہونا تھا تاہم چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا جو کہ 6 بجے تک جاری رہا جس کے بعد پولنگ کا عمل روک کر ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 کے تمام 139 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 2 میرپور 2 میں تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ حاصل کر سکے۔ایل اے 3 میرپور 3 میں بھی پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ تمام 161 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ کے ساتھ کامیاب رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید نے 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کیے۔ایل اے 4 میرپور 4 میں تمام 162 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 5 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار وقار احمد نور 30259 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف نے 29574 ووٹ حاصل کیے۔ایل اے 6 بھمبر 2 میں 195 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 21 ہزار 210 ووٹ لے کر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 11 ہزار 354 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ایل اے 7 بھمبر 3 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 8 کوٹلی 1 میں تمام 155 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ حاصل کر سکے۔ایل اے 9 کوٹلی 2 میں تمام 178 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ کے ساتھ فاتح قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 10 کوٹلی 3 میں تمام 169 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12431 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ن لیگ کے فتح محمود الحسن 9245 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 11 کوٹلی 4 کے تمام 206 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے تمام 207 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنےآگئے جس کے مطابق ن لیگ کے محمد ریاست خان 35168 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30320 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 13 کوٹلی 6 میں تمام 193 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے