Pakistan

اسکول حادثہ پشاور اسکول حادثے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال، ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور کے دیر کالونی میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کی پولیس رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی، جبکہ ذمہ داروں کے تعین اور متاثرین کو معاوضے کی فراہمی کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت پرانی اور ناقص تعمیر کے باعث منہدم ہوئی۔ رپورٹ میں اسکول انتظامیہ کو شکایات موصول ہونے کے باوجود کارروائی نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب صدر بار ایسوسی ایشن امین الرحمان نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے شہدا پیکج، زخمیوں کو مفت طبی سہولیات اور مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے، متاثرہ اسکول کی رجسٹریشن اور حفاظتی ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور صوبے بھر کے اسکولوں کی عمارتوں کا اسٹرکچرل و فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے غیر محفوظ عمارتوں کی مرمت مکمل ہونے تک ان کا استعمال روکنے اور غفلت کے ذمہ دار اسکول مالکان، انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *