Blog
عمران رہائی فورس کبھی قائم ہی نہیں ہوئی، سہیل آفریدی کا عدالت میں جواب آئینی درخواست سیاسی مقاصد پر مبنی، قبل از وقت اور ناقابلِ سماعت ہے،موقف

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی فورس سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جواب جمع کرواتے ہوئے رہائی فورس کے وجود کی تردید کردی۔وفاقی آئینی عدالت میں بانی پی ٹی آئی رہائی فورس سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 8صفحات پر مشتمل جواب ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے جمع کرایا۔سہیل آفریدی کی جانب سے دائر جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کبھی قائم ہی نہیں ہوئی تاہم اصل مقصد بانی پی ٹی آئی رہائی امن تحریک ہے، جو پُرامن، غیر مسلح اور رضاکارانہ نوعیت کی ہے اور اس میں کسی مسلح ڈھانچے کا کوئی وجود نہیں ہے۔ اس کے علاوہ جواب میں کہا گیا ہے کہ آئینی درخواست سیاسی مقاصد اور غلط بیانی پر مبنی، قبل از وقت، فرضی اور ناقابلِ سماعت ہے، جبکہ درخواست گزار بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے میں ناکام رہا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عدالت سے آئینی درخواست ابتدائی مرحلے پر خارج کرنے اور بانی پی ٹی آئی رہائی امن تحریک کو آئینی و قانونی قرار دینے کی استدعا کی، آئینی عدالت نے اس درخواست کی سماعت 29 جولائی کو مقرر کر رکھی ہے۔