انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن راتوں کی بے چینی کا شکار

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن 5 دہائیوں پر محیط کامیاب کیرئیر کے باوجود آج بھی کام کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہیں۔
83 سالہ امیتابھ بچن نے ایک بلاگ پوسٹ میں اپنے مصروف شیڈول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لکھا کہ’ کام کی وجہ سے رات کو سو نہیں پاتا، کام کرنے کے کچھ وقت بعد ہی یہ محسوس کرتا ہوں کہ اس سے بھی اچھا کرسکتا تھا، اجازت ملتی ہے تو دوبارہ بھی کرلیتا ہوں لیکن معلوم نہیں کہ یہ پہلے سے بہتر ہوا ہے یا نہیں،جو لوگ میرے کام کو دیکھتے ہیں وہی بتا سکتے ہیں لیکن یہی خیالات مجھے رات بھر سونے نہیں دیتے‘۔
امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ کئی مرتبہ پوری رات گزر جاتی ہے لیکن نیند نہیں آتی، ڈاکٹر ہمیشہ کم از کم 7 گھنٹے کی نیند لینے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن ان کے لیے کام کئی مرتبہ نیند سے بھی زیادہ اہم بن جاتا ہے۔
سینئر اداکار نے مزید لکھا کہ ’24 گھنٹوں کے دوران بہت کام کرنا ہے، اس لیے ایک دن کو 36 گھنٹوں تک بڑھا دینا چاہیے اور زندگی کا فلسفہ کہتا ہے کہ جب ایسا ہو تو اسے 48 گھنٹے بڑھانے کو کہا جائے گا لیکن ہاں! بہت سی چیزیں سکیھنے اور کرنے کیلئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن اس وقت مختلف پروجیکٹس پر کام کررہے ہیں، جس میں کالکی 2898 AD بھی شامل ہیں۔
امیتابھ بچن کالکی 2898 AD کے سیکوئل میں اشوتتھاما کا کردار نبھائیں گے، ہدایتکار ناگ اشون کی ہدایت کاری میں بننے والے اس سیکوئل میں پربھاس اور کمل ہاسن مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ڈاکٹر ماہ نور کی زندگی بچانے کے لیے اہم قدم، علاج امریکا میں کرانے کا اعلان

کوئٹہ میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ڈاکٹر ماہ نور کی بیرونِ ملک منتقلی کے لیے تمام تر قانونی و انتظامی تقاضے مکمل کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال ڈاکٹر ماہ نور کا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں طبی معائنہ اور ابتدائی علاج جاری ہے، جہاں انہیں مزید ایک ہفتے تک طبی نگرانی میں رکھا جائے گا اور اس کے بعد انہیں امریکا روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال کے جنرل سرجری یونٹ میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینک دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی، اور اس دوران وہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ افسوسناک حادثے میں ڈاکٹر ماہ نور کو بچانے کی کوشش کرنے والا وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی بھی بری طرح جھلس گئےگیا تھا، جو کوئٹہ میں زیر علاج رہا۔

چارسدہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

چارسدہ کے نستہ روڈ پر موٹر وے پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر ویگن بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار افراد متاثر ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور پشاور سربند کے رہائشی ہیں، جو چارسدہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو چارسدہ کی ٹیمیں ایمبولینسز اور میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو سیٹلائٹ اسٹیشن موٹر وے کی ایمبولینس نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کردیا گیا

پیٹرول مزید سستا ہوگا، تیل کمپنیاں مجھ سے اب خوش ہو جائیں: ٹرمپ

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر خطاب میں کہا کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں ایران کی فوجی صلاحیتوں کو مکمل طور پر مفلوج کرنا بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ ے اپنی کامیابیاں گنواتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ امریکی فوج نے محض ایک ہفتے کے اندر ایران کی پوری بحریہ، فضائیہ اور ریڈار سسٹم کو تباہ کر دیا۔ ہم نے ان کا سب کچھ مٹا کر رکھ دیا۔
انھوں نے یہ پیش گوئی بھی کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہوتے ہوئے اپنی انتہائی نچلی سطح پر آجائیں گی۔ انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امید ہے کہ تیل کی کمپنیاں اس صورتحال سے خوش ہوں گی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکی فوج کی تعریف کرتے ہوئے اسے دنیا کی بہترین اور طاقتور ترین فوج قرار دیا اور کہا کہ ایران میں ہونے والی کارروائی اس کا واضح ثبوت ہے
واضح رہے کہ مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر، ایرانی ہم منصب سمیت ثالث پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اپنے ملک میں بیٹھ کر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد آبنائے ہرمز کھل گئی اور تیل قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

مضر صحت کھانا کھانے کے بعد 59 افراد کی طبعیت بگڑگئی

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست مہارشٹرا کے شہر بھیونڈی میں پیش آیا جہاں گزشتہ روز ایک ٹھیلے سے کھانا کھانے کے بعد 59 افراد کی حالت خراب ہوگئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اندرا گاندھی میموریل اسپتال میں پیٹ درد، قے اور اسہال کی شکایت کے ساتھ کئی افراد داخل کیے گئے ، طبی امداد کے بعد تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف حصوں سے فوڈ پوائزننگ کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔اس سے قبل 17 جون کو تلنگانہ میں بھی تقریباً 15 بچے پانی پوری کھانے کے بعد اسپتال میں داخل ہوئے تھے

قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 69 کھرب 82 ارب روپے مختص

407 کھرب 41 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کے غیر تصویبی لازمی اخراجات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔رپورٹ کے مطابق ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے 259 کھرب 92 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ ملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 69 کھرب 82 ارب روپے سے زائد جبکہ غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے 58 کھرب 36 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔غیر ملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 10 کھرب 71 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔سپریم کورٹ کے لیے 7 ارب 44 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وفاقی آئینی عدالت کے لیے 6 ارب 4 کروڑ روپے سے زائد جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے 2 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ آڈٹ کے لیے 9 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔وفاقی محتسب کے لیے 2 ارب 12 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد جبکہ وفاقی ٹیکس محتسب کے لیے 64 کروڑ 55 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ الیکشن کے لیے 10 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔قلیل مدتی بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ایک کھرب 30 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ گرانٹس اور متفرق اخراجات کے لیے 57 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کے لیے 7 ارب 96 کروڑ روپے جبکہ سینیٹ کے لیے 6 ارب 42 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ الاؤنسز، کہن سالی اور پنشن کے لیے 6 ارب 93 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔فارن مشنز کے لیے 50 کروڑ روپے جبکہ شعبہ قانون و انصاف کے لیے 53 کروڑ 94 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صدر مملکت کے پبلک آفس کے ملازمین کے الاؤنسز کے لیے 96 کروڑ 37 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔صدر مملکت کے پرسنل آفس کے ملازمین کے الاؤنسز کے لیے ایک ارب 83 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان پوسٹ کے لیے 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافے پر زور دیا ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ریٹیلرز کو نظام کا حصہ بنانے پر کام جاری ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عظیم الدین زاہد اور خواجہ شیراز نے بجٹ کے اعداد و شمار سے متعلق اعتراض کیا، کاش یہ اعتراضات تحریک استحقاق کی بجائے ایوان میں بات کرتے،نیشنل اکاؤنٹس سے متعلق اعداد و شمار میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، معاشی اعشاریوں میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ ایران جنگ روک کر مخلص کردار ادا کیا، امریکہ ایران معاہدے سے ہمارا قومی وقار بلند ہوا، بجٹ بحث ہر تمام اراکین اسمبلی اور سینیٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ بعض تجاویز کو فنانس بل میں شامل کرنا ارادہ ہے، اس سال اکتالیس ارب ڈالر کے ترسیلات زر کا ہدف پورا کردیں گے، آئی ٹی ایکسپورٹ ساڑھے چار ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافے پر زور دیا ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ریٹیلرز کو نظام کا حصہ بنانے پر کام جاری ہے، ایف بی آر کی کارکردگی پر تنقید کی گئی،ہماری حکومت نے دو سالوں میں چودہ ارب ڈالر کے اضافی محصولات جمع کیے

9 مئی مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو10،10 سال قید کی سزا، شاہ محمود بری

9 مئی کے ایک اور مقدمہ کا فیصلہ جاری کردیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو سزا سنادی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو دس دس سال سزا سنا دی گئی، اے ٹی سی جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔عدالت نے نو مئی کے ایک اور مقدمہ میں شاہ محمود قریشی کو بری کردیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل کیا، نو مئی کو مغلپورہ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمہ کا فیصلہ سنایا، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو مقدمہ سے بری کر دیا گیا، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دس سال قید کی سزا سنا دی۔عدالت نے میاں محمود الرشید کو دس سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے اعجاز چوہدری کو دس سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کو دس سال قید کی سزا سنا دی ۔ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 22 ملزمان کے خلاف چالان جمع کروایا گیا تھا، مقدمے میں پراسکیوشن کے تمام 37 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل ہوئی، دوران ٹرائل میں دو ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے، عدالت نے ملزم ارباز زمان اور الٰہی بخش کو اشتہاری قرار دیا ہے ، عدالت نے 15 ملزمان کے حوالے سے فیصلہ سنایا۔

خیبرپختونخوا میں محرم کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کا فیصلہ

پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محرم الحرام سکیورٹی پلان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔ پولیس حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں 43,317 پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے جبکہ 614 امام بارگاہوں اور 907 جلوسوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور محرم ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، سہولیات اور تحفظ کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔ سکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں، سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو فعال رکھا جائے گا

پیٹرول پر خوشخبری، ڈیزل صارفین کے لیے نئی مشکل

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں نمایاں کمی جبکہ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں رواں مالی سال کے اہداف مکمل ہونے کے بعد کی گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 40 روپے 49 پیسے کم کر دی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول پر لیوی 106 روپے 74 پیسے سے کم ہو کر 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 19 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 53 روپے 26 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر اوسطاً لیوی کی شرح اب 80 روپے فی لیٹر سے کم ہو گئی ہے، جبکہ دونوں مصنوعات پر مجموعی لیوی 139 روپے 22 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی میں یہ رد و بدل رواں مالی سال کے مقررہ ہدف کے مکمل ہونے کے باعث کیا گیا ہے۔

بنوں میں زور دار دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

بنوں میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل کے علاقہ پینگ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جب کہ 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکا آئی ای ڈی کا تھا، جس سے مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر ڈاٹسن ہاتھی خیل گاؤں سے مسافروں کو لا رہی تھی۔ آئی ای ڈی دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی زد میں آئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔
بنوں اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد لائے گئے زخمیوں میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے خلیفہ گلنواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔